نئی دہلی - ارنا - ہندوستانی حکام سے ملاقات اور باہمی روابط پر بات چیت نیز اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر مشاورت کے لیے نئی دہلی کا دورہ کرنے والے ایران کے وزیر خارجہ نے ہندوستان کی صدر سے ملاقات کی ہے۔

جمعرات کی سہ پہر، سید عباس عراقچی نے راشٹرپتی بھون میں ہندوستانی صدر دروپدی مرمو سے ملاقات اور ایران ہندوستان تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

ہندوستانی صدر سے ملاقات کے بعد وزیر خارجہ نے ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر سے بھی ملاقات اورگفتگو کی۔

 اس سے پہلے(جمعرات کی صبح) ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر سے ملاقات کی تھی۔

اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان تہذیبی، تاریخی اور ثقافتی تعلقات کی دیرینہ تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے تہران اور نئی دہلی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زور دیا۔