صدر ایران مسعود پزشکیان نے آج بدھ کے روز نیشنل کانفرنس آن میڈیکل ایجوکیشن سے خطاب میں کہا کہ ہمیں ایرانی بچوں کو اس طریقے سے تعلیم دینی چاہیے کہ وہ مستقبل کے معمار بن سکیں۔ انکا کہنا تھا کہ کچھ لوگ مستقبل سے پرامید اور کچھ مایوس ہیں، لیکن مستقبل ہمارے یقین اور وژن سے بننتا ہے۔ اگر ہمارے پاس ایسے لوگ ہیں جو مستقبل سے پر امید ہوں تو وہ ملک کے مستقبل کی تعمیر کے لیے جدوجہد کریں گے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آپ اور میں ہی ملک اور مستقبل کے معمار ہیں، صدر نے کہا کہ کوئی باہر سے آکر ہمارے ملک کی تعمیر نہیں کرے گا، اگر یہ یقین ہمارے اندر پیدا ہو جائے تو ہم کبھی بھی دوسروں سے امید نہیں رکھیں گے۔
پزشکیان نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں، سائنسدانوں اور ذہین افراد کی مدد سے اپنے ملک کے لیے ایک خوبصورت مستقبل بنانا چاہیے۔ ہم ساتھ ہوں گے تو ملک بنائیں گے۔
صدر نے اس بات پر زور دیا کہ کہ ہم ثابت قدم رہیں گے اور اپنے ملک کی ترقی کے لیے کام کریں گے اور اپنے بچوں کا مستقبل روشن بنائیں گے۔ ہر بات سے قطع نظر، ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر ایران اور اس سرزمین کی آنے والی نسلوں کو بہترین مستقبل دینے کے لیے اپنی پوری طاقت سے کام کریں گے۔