تہران/ ارنا- یمن کی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا کہ گزشتہ رات تل ابیب کے بن گورین ایئرپورٹ اور امریکہ کے ہیری ٹرومین طیارہ بردار جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے ایک باضابطہ بیان جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ یمن کی مسلح افواج نے ذوالفقار اور ہائیپرسونک نوعیت کے "فلسطین 2" میزائلوں کے ذریعے مقبوضہ یافا( تل ابیب) میں واقع بن گورین بین الاقوامی ایئرپورٹ کو مکمل کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔

جنرل یحیی سریع نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران بحیرہ احمر میں موجود امریکی بحری بیڑے پر بھی میزائل داغے گئے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا جس کے نتیجے میں یمن پر فضائی جارحیت کو ناکام بنا دیا گیا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے زور دیکر کہا کہ غزہ پر جارحیت اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کے خاتمے تک صیہونی حکومت سے وابستہ جہازوں پر پابندی، انہیں نشانہ بنانے اور مقبوضہ سرزمینوں پر ڈرون اور میزائل سے حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔