تہران (ارنا) صیہونی خبر رساں ذرائع نے شمالی مقبوضہ فلسطین کے علاقے حیفا میں 2 صیہونی مخالف کارروائیوں کی اطلاع دی ہے جس میں کل 12 افراد زخمی ہوگئے۔

صیہونی ٹیلی ویژن چینل 14 کے مطابق، حیفا میں ایک کار حملے میں 10 غاصب صیہونی آباد کار زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

دریں اثناء صیہونی ایمرجنسی منیجمنٹ آرگنائزیشن نے اعلان کیا ہے کہ اسی علاقے میں صیہونی مخالف کارروائیوں کے نتیجے میں 2 صیہونی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ صیہونی ٹی وی چینل 13 نے خبر دی ہے کہ یہ کارروائی جنوبی حیفا میں ہوئی جس کے دوران ایک شخص نے متعدد افراد پر کار چڑھا دی اور پھر کار کے ڈرائیور نے 2 پولیس اہلکاروں پر بھی حملہ کیا۔

صیہونی چینل 12 نے بتایا کہ اس کارروائی کے مرتکب کو صیہونی فوجیوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ خبر کے مطابق اس شہادت پسندانہ کارروائی کا مرتکب 24 سالہ فلسطینی تھا جو مقبوضہ علاقوں کا رہائشی تھا۔

7 اکتوبر 2023 کو آپریشن طوفان الاقصیٰ  کے آغاز کے بعد مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے ساتھ ساتھ مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی مزاحمتکاروں اور نوجوانوں نے غزہ کے عوام کے خلاف صہیونی فوج کے وحشیانہ جرائم کے جواب میں گئی شہادت پسندانہ آپریشن کیے ہیں۔