پیر کو فوج میں 1000 گائیڈڈ ڈرون طیاروں کی شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر دفاع بریگيڈیئر جنرل نصیر زادے نے کہا کہ دفاعی صنعتوں کے درمیان موثر ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور گائیڈڈ ڈرون طیاروں کی شمولیت اسی ہم آہنگی کا نتیجہ ہے۔
ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ دفاعی اور مربوط مشنوں میں استعمال ہونے والے ہمارے ڈرون طیارے اب سمندر میں لینڈنگ اور ٹیک آف کے قابل ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے ڈرون طیاروں کی شمولیت سے ہماری فوج ضرورت پڑنے پر فضاؤں کو تسخیر اور دشمن پر کاری ضربیں لگانے کے قابل ہوگئي ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی مشقوں میں جو کچھ دکھایا گیا ہے وہ ہماری صلاحیتوں کا صرف تھوڑا سا حصہ ہے، ہمارے پاس حیرت انگیز اور حیران کن آلات موجود ہیں اگر ضرورت پڑی تو اسے ہماری مسلح افواج استعمال بھی کریں گی۔
ایران کے وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہم یقینی طور پر ڈرونز میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کریں گے اور انہیں ہر قسم کے ہتھیار لے جانے کے قابل بنائيں گے۔