اسلام آباد/ ارنا- جمعرات کو پاکستان کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹیجک اسٹڈیز، ریسرچ اینڈ اینالائزز کی جانب سے اسلام آباد میں ایک کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں مقررین نے ایران کی اقتصادی صلاحیتوں، علاقے کے ممالک کے مابین مقامی زرمبادلہ اور ڈیجیٹل اقتصاد کے استعمال پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر پیٹرولیم محمد مصدق ملک نے کہا کہ علاقے کے ممالک کو چاہیے کہ اپنی سرحدوں کو تعلقات اور رابطے کا پل بنادیں تا کہ نقل و حمل کے اخراجات کم اور تجارتی لین دین کو بڑھایا جاسکے۔

انہوں نے ڈیجیٹل معیشت کو بھی علاقائی اور دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے انتہائی ضروری قرار دیا۔

اس موقع پر پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے بھی دونوں ہمسایہ ممالک کے تاریخی اور ثقافتی تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تہران اور اسلام آباد اپنی بے پناہ صلاحیتوں کی بنیاد پر اقتصاد اور تجارت کے میدان میں ایک دوسرے کی ضرورتوں کو پورا کر رہے ہیں۔

انہوں نے ایران کو اپنی ممتاز جغرافیائی پوزیشن کی خاطر یوریشیا اور قفقاز تک دسترسی کا بہترین راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نقل و حمل اور ٹرانزٹ کے شعبے میں تعاون اور اسے فروغ دینا علاقے کی ترقی کی رفتار بڑھا دے گا۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ ایران گیس کے دوسرے بڑے عالمی ذخیرے کا مالک ہے اور 80 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے اور اس طرح دوست اور برادر ملک پاکستان کو توانائی کے مطمئن ذریعے تک دسترسی ہوگی۔