حماس نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں دنیا کے عوام سے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز اپنے دارالحکومتوں میں سڑکوں پر آنے اور مظاہروں کی اپیل کی ہے۔
اس بیان میں حماس نے فلسطینی عوام اور ان کے منصفانہ جدوجہد کی حمایت میں انجام پانے والے ہر اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہم صیہونی حکومت کی جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی بند ہونے تک دنیا کے تمام ممالک کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے اپنے دارالحکومت اور دیگر شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھیں۔
بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن ایسے وقت میں منایا جارہا ہے جب پچھلے 419 روز سے غزہ کے عوام کے خلاف صیہونی نازی حکومت کی وحشیانہ جارحیت اور نسل کشی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 20 لاکھ سے زائد فلسطینی شہریوں کے لیے انسانی زندگی کے تمام امکانات ایک ایسی وحشیانہ جنگ میں تباہ ہو گئے جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، اور یہ غاصب اسرائیلی حکومت کے جرائم اور دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بیان کے مطابق یہ صورتحال اسرائیلی جرائم کی حمایت کرنے والے امریکہ اور ان تمام (ممالک) کے لیے کلنک کا ٹیکہ ہے جو فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت میں ناکام رہے ہیں۔
حماس کے بیان میں مزید کہا کیا ہے کہ 29 نومبر کا دن تل ابیب اور اس کے حامیوں پر فلسطینی عوام کے خلاف ایک سال سے زائد عرصے سے جاری جنگ اور نسل کشی کے خاتمے کے لیے شدید ترین دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ہر سال 29 نومبر کو فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منانے کے لیے(جسے اقوام متحدہ نے 1977 میں منظور کیا تھا) دنیا کے متعدد ممالک میں فلسطینی عوام کی حمایت میں پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔