ارنا کے مطابق اقوام متحدہ کے جنیوا ہیڈکوارٹر میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی مینیجنگ کمیٹی کےاجلاس میں لبنان کی لیبر منڈی پر صیہونی حملوں کے اثرات کا جائزہ لیا گیا
اسلامی جمہوریہ ایران کے مندوب علی بحرینی نے اس اجلاس سے خطاب میں غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں لبنان میں انسانی صورتحال کی روز افزوں بدحالی کی طرف سے خبردار کیا۔
انھوں نے ان حملوں کے نتیجے میں لبنان کے اقتصادی ڈھانچے کی تباہی کے اعدادو شمار پیش کئے اور اس پر گہری تشویش ظاہر کی۔
انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ لبنان کے اقتصادی ڈھانچے کی حفاظت کے لئے اسرائیلی حملے فوری طور پر بند کرائے جائیں۔
اقوام متحدہ کے جنیوا ہیڈکوارٹر میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مندوب علی بحرینی نے اسی کے ساتھ کہا کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن لبنان میں اپنے دفتر کی حمایت اور تقویت کرکے کام کی منڈی پر صیہونی جارحیت کے اثرات کی رپورٹ تیار کرے۔
اس اجلاس میں دنیا کے 180 ملکوں اور بین الاقوامی لیبر یونینوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے اجلاس سے خطاب میں لبنان کے عوام کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل یک جہتی کا اعلان کیا اوربین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ ان دشوار حالات میں لبنان کے قومی اقتدار اعلی اور عوام کی حمایت کی جائے۔