تہران – ارنا – پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف نے کہا ہے کہ دشمن  جو بھی دشمنانہ اقدام کرے گا اس کا منھو توڑ جواب دیا جائے گا

 ارنا کے مطابق  پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف جنرل علی فدوی نے اتوار تین نومبر کو تہران کی شریف یونیورسٹی میں سامراج کے خلاف قومی دن کی ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ جنگ غزہ کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ دنیا کے لوگ سمجھ گئے کہ 76 برس سے ان سے جھوٹ بولا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج دنیا کے اکیانوے فیصد ملکوں کی سڑکوں پر مظاہرے انجام پائے۔

 جنرل علی فدوی نے کہا کہ دنیا کے عوام سمجھ گئے ہیں کہ صیہونی حکومت غاصب ہے، اس نے سرزمین فلسطین پر قبضہ کیا ہے، وہاں کے اصلی باشندوں کو ان کے گھروں سے بے گھر کردیا ہے اور عام لوگوں، عورتوں اور بچوں کا قتل عام کیاہے۔

انھوں نے کہا کہ اس ایک برس ميں چند ماہ تک صرف ایران، یمن، حزب اللہ اور عراق   نے غزہ کے عوام کا ساتھ دیا ۔

 پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر انچیف نے کہا کہ بعض عرب ممالک تو اس طرح خاموش ہیں جیسے کسی نے ان پر موت کی مٹی چھڑک دی ہے۔

 انھوں نے کہا کہ یہ عرب ممالک نہ صرف یہ کہ غزہ کے عوام کے لئے کچھ نہیں کررہے ہیں بلکہ ظالم اور قاتل صیہونیوں کی مدد کررہے ہیں۔

 جنرل علی فدوی نے کہا کہ یہ عجائب عالم میں سے ہے کہ  آج بعض عرب ممالک صیہونیوں کوسامان پہنچا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ  دشمن جان لے کہ وہ  جو دشمنانہ اقدام بھی انجام دے گا،آٹھ سالہ مقدس دفاع کے وارثین اس کو ویسا ہی منھ توڑ جواب دیں گے۔