ایران کے مستقل مندوب علی بحرینی نے اقوام متحدہ کے رپورٹر برائے قتل عام ٹڈبال بینز کو ایک باضابطہ مراسلہ بھیجا ہے جس میں لبنان میں صیہونی فوج کے ہاتھوں ایرانی شہری معصومہ کرباسی کے قتل پر ان کی خاموشی پر سخت تنقید کی ہے۔
علی بحرینی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ معصومہ کرباسی کے علاوہ صیہونی حکومت نے ایران کے ایک اور شہری ڈاکٹر علی حیدری کو بھی جو عام شہریوں کو طبی خدمات فراہم کر رہے تھے، ڈرون حملے کا نشانہ بنایا تاہم اقوام متحدہ کے رپورٹر کی جانب سے خاموشی کے علاوہ اور کچھ بھی سنائی نہیں دیا گیا۔
انہوں نے ٹڈبال سے غیرسیاسی اور غیرجانبدارانہ رویہ اختیار کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انسانی حقوق کی صیہونی حکومت کی جانب سے پامالی پر آواز اٹھائیں اور صیہونیوں کے جرائم کے بارے میں اپنی خاموشی توڑیں۔