ارنا کے مطابق انھوں نے کہا کہ ہم پوری دنیا کے ساتھ امن وآشتی کی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے نیویارک کے وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے امریکی ذرائع ابلاغ عامہ کے سربراہوں سے ملاقات میں کہا کہ ملک، علاقے اور دنیا کے بارے میں ہمارا نقطہ نگاہ واضح اور شفاف ہے۔
انھوں نے کہا کہ جب ميں صدارتی انتخابات کا امیدوار بنا تو وحدت اور یک جہتی میرا سلوگن تھا کیونکہ پہلے ملک کے اندر جو اختلافات ہیں انہیں دور کرنا ضروری ہوتا ہے۔
صدر ایران نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران سبھی ایرانیوں کا ہے ، کہا کہ وہ کسی ایک دھڑے اور دستے سے وابستہ نہیں ہیں اسی لئے عوام نے ان کا استقبال کیا اور انہيں ووٹ دیا۔
انھوں نے کہا کہ اس کے باوجود کہ وہ کسی دھڑے سے وابستہ نہیں تھے، عوام نے اپنے ووٹوں سے انہیں اس جگہ تک پہنچایا۔
ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ بین الاقوامی روابط میں ہماری ترجیح ہمارے پڑوسی ہیں ۔ ہمارا نظریہ ہے کہ ہمیں اپنی حدود، سرحدوں اور سلامتی کے تحفظ کے ساتھ ایک دوسرے سے افہام و تفہیم سے کام لینا چاہئے اور ایسے اقدام سے پرہیز کرنا چاہئے جو ہم میں سے کسی کی بھی اندرونی سلامتی کو نقصان پہنچا سکتاہو۔
انھوں نے کہا کہ ہم دنیا کے ساتھ روابط رکھیں گے۔ دنیا کے ساتھ صحت مند، اور برابری کی بنیاد پر تعلقات رکھتے ہیں، اور ہمارا نظریہ ہے کہ دنیا میں جنگ اور خونریزی کی جگہ صلح و سلامتی کو لینا چاہئے اور انسان انسان کو نہ ماریں۔
ڈاکٹر پزشکیان نے یہ بیان کرتےہوئے کہ ہم اپنے ملک کے اندر اتحاد ویک جہتی کی کوشش کررہے ہیں کہا کہ ہم کسی بھی دھڑے بندی یا جماعتی ، جنسی اور قومیتی وابستگی کو خاطر میں لائے بغیر یہ کام کریں گے۔
صدر ایران نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اگر ملک کے اندر حق اور عدل و انصاف پر عمل کریں گے تو ملک ٹھیک ہوجائے گا۔
انھوں نے کہا کہ دنیا کے سلسلے میں بھی بالخصوص ان ملکوں کے تعلق سے بھی جنہوں نے ہماری شبیہ خراب کی ہے، ہم اسی پروگرام پر عمل کریں گے۔
انھوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ایران کئ ہزار سالہ تمدن کا مالک ہے کہا کہ دنیا کے ذرائع ابلاغ ایران کی جو تصویر پیش کرتے ہیں، ہم وہ نہیں ہیں، اور پوری دنیا کے ساتھ امن وسلامتی کے ساتھ رہنے کے لئے تیار ہیں اور ہم بدامنی نہیں چاہتے۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ میں یہاں اس لئے آیا ہوں کہ دنیا کے کانوں تک اپنا پیغام پہنچاسکوں ۔ یہ ہمارا قلبی یقین ہے اور ہم اس کوشش میں ہیں کہ جہاں تک ممکن ہو اندرونی اور بیرونی ہم آہنگی سے کام لوں۔