تہران – ارنا – ترجمان وزارت خارجہ نے لبنان پر غاصب صیہونی حکومت کے وسیع  حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حکومت کے گزشتہ ایک برس کے جرائم پر خاموشی نے اس کے اندر وحشیانہ جرائم اور نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھنے کی جرائت بڑھا دی ہے ۔

 ارنا کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے جنوبی لبنان کے مختلف رہائشی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے وسیع فضائی حملوں کی مذمت کی ہے ۔

 یاد رہے کہ آج پیر کو جنوبی لبنان کے مختلف شہروں پر  غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ فضائی حملوں میں سیکڑوں عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔

ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے ان وحشیانہ حملوں پرخاموشی حتی  امریکا اور بعض یورپی ملکوں کی جانب سے غاصب حکومت کا ساتھ دیئے جانے پر سخت تنقید کی ہے۔

  انھوں نے فلسطینی عوام کے خلاف اس غاصب حکومت کے جرائم کا سلسلہ جاری رہنے اور جںگ کی آگ پورے علاقے میں پھیلادینے کی صیہونیوں کی خطرناک مہم پسندی کے نتائج کی جانب سے خبردار کیا ہے۔

 ناصر کنعانی نے غاصب صیہونی حکومت کے ان حملوں کو جنون آمیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک برس کے دوران صیہونی حکومت کے جرائم میں اس کا ساتھ دیئے جانے کے نتیجے میں وحشیانہ جرائم اورنسل کشی کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے اس غاصب حکومت کی ہمت بڑھ گئی ہے۔  

 ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے فلسطین میں  وحشیانہ جنگی جرائم کا سلسلہ جاری رکھنے اور ان کا دائرہ لبنان تک پھیلادینے کو علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے خطرناک قرار دیا اور اقوام متحدہ  کی سلامتی کونسل سے یہ سلسلہ فوری طور پر رکوانے کا مطالبہ کیا ہے۔