ارنا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے نیویارک پہنچنے کے بعد کہا کہ ہم اپنے ملک کی طرف سے پوری دنیا کے صلح و سلامتی کا پیغام لائے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس سال اقوام متحدہ نے سبھی لوگوں کے لئے ترقی کے ساتھ امن اور مستقبل کا سلوگن دیا ہے، اس سلوگن کی تکمیل بھی دنیا کے لئے ایران کے پیغام میں شامل ہے۔
صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ جنگ، خونریزی اور قتل عام کے بجائے ہمیں ایسی دنیا بنانی ہے جس میں سبھی انسان، ہر رنگ ، نسل، قومیت اور علاقے کے لئے اس میں پرسکون زندگی گزاریں۔
انھوں نے کہا کہ افسوس کہ اس وقت جس دنیا ميں ہم زندگی گزار رہے ہیں، وہ ایسی نہيں ہے ؛ اس میں دوہرے معیار پائے جاتے ہیں، کچھ لوگ اچھے ہیں اور کچھ لوگ برے ہیں؛ اس کا نتیجہ ہمارے سامنے ہے۔
ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ اس کرہ ارض پر سبھی انسانوں کو برابر سے مواقع دستیاب ہونے چاہیئیں۔
دآکٹر پزشکیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لئے اب سے تھوڑی دیر پہلے نیویارک کے جان ایف کنیڈی ایئرپورٹ پر اترے ہیں۔
اسلامی جہموریہ ایران کے وزير خارجہ سید عباس عراقچی، اقوام متحدہ ميں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی اور ایران کے چند دیگر اعلی حکام نے صدر ایران کا جان ایف کنیڈی ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔
یاد رہے کہ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی جمعے کی رات کو ہی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک پہنچ گئے تھے۔