لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ نبطیہ شہر کے مضافات میں فرون گاؤں میں امدادی کارکنوں پر صیہونی حکومت کے حملے کے بعد اقوام متحدہ میں لبنان کے نمائندہ دفتر نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف سلامتی کونسل میں شکایت کی ہے۔
لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ اس حملے میں شہری دفاع کے چار اہلکار جو صیہونی حکومت کی بمباری سے لگنے والی آگ کو بجھانے کی کوشش کر رہے تھے ، شہید ہو گئے۔
اس شکایت میں لبنان نے امدادی کارکنوں اور اسپتالوں پر صیہونی حکومت کے بار بار، دانستہ اور بلاجواز حملوں کی جو انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، شدید مذمت کی ہے ۔
اقوام متحدہ میں لبنان نمائندہ دفتر نے سلامتی کونسل سے بھی صیہونی حکومت کی مذمت کرنے اور تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین پر عمل در آمد کے لئے اس حکومت پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا۔
یہ ایسے حالات میں ہے کہ جب چند گھنٹے قبل جنوبی لبنان کے قصبے بلیدا پر صیہونی حکومت کے فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔