ارنا کے مطابق ہالینڈ کے وزیر خارجہ کیسپر ویلد کامو (Casper Veldkamp) نے بدھ کی رات اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کو ٹیلیفون پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کی آرزو کا اظہار کیا۔
ہالینڈ کے وزیر خارجہ نے اپنے نئے ایرانی ہم منصب کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں مغربی ایشیا کے بحرانی حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سبھی فریقوں سے تحمل سے کام لینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ ہالینڈ کو امید ہے کہ علاقے میں کشیدگی اور تشدد کا خاتمہ ہوگا اور ستم رسیدہ فلسطینی عوام تک امداد رسانی کے لئے حالات سازگار ہوں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے اپنے ہالینڈ کے ہم منصب کے ٹیلیفون کا شکریہ ادا کیا اور باہمی احترام کی بنیاد پر اس ملک کے ساتھ روابط کے فروغ کو ممکن بتایا۔
سید عباس عراقچی نے مغربی ایشیا کے حالات کے تعلق سے کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف جنگ فوری طور پر بند ہونا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مغربی ایشیا میں کشیدگی کا خاتمہ چاہتا ہے لیکن غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کے قتل عام اور وحشیانہ تشدد کا سلسلہ جاری ہے جو علاقے میں کشیدگی کا بنیادی عامل ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور ہالینڈ کے وزرائے خارجہ نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں پابندیوں کے خاتمے کے مذاکرات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر موضوعات پر بھی تبادلہ خیال اور باہمی مشاورتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔