ارنا کے مطابق حماس کے پولٹ بیورو کے سینیئر رکن خلیل الحیہ نے ٹیلیفون پر ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے گفتگو کی ہے۔
انھوں نے اس گفتگو میں سید عباس عراقچی کو وزیر خارجہ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور غزہ کی صورتحال کی وضاحت کی ۔
حماس کے سیاسی بیورو کے سینیئر رکن خلیل الحیہ نے ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں مسجدالاقصی کے حوالے سے غاصب صیہونی حکومت کی کوششوں اور منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
خلیل الحیہ نے اسی کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات اوراس سلسلے میں انجام پانے والی کوششوں پر بھی گفتگو کی۔
انھوں نے ایران کے شہید وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی کوششوں کی قدردانی کرتے ہوئ کہا کہ فلسطینی عوام اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایتوں کے قدردان ہیں اور اس با ت کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے کہ ایران نے ہمیشہ ان کی بھر پور حمایت کی ہے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے حوالے سے ایران کے لئے ہر وہ سمجھوتہ قابل قبول ہوگا جو فلسطینی عوام کو منظور ہوگا۔