میڈیا رپورٹوں میں بتایا گيا ہے کہ صیہونی حکومت کے فوجیوں نے آج جمعے کے روز نصیرات کیمپ میں عام شہریوں کی حامل ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
رفح کے جنوب میں قابض فوج کے توپ خانے کے حملوں اور فائرنگ سے ایک شخص شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
صیہونی حکومت کی بمباری کے دوران دیر البلاح کے جنوب میں واقع ابو ہولی کے علاقے میں 2 افراد شہید ہو گئے۔
قابض حکومت کے فوجیوں نے البرج کیمپ میں ایک رہائشی مکان کو بھی نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ المغازی کیمپ میں ایک اور گھر کو اسرائیلی فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا جس میں 5 افراد شہید ہوئے۔
غزہ کے جنوب میں واقع سلام مسجد کے قریب واقع حی بصرہ نامی محلے کے ایک مکان پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد شہید اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب المیادین کے رپورٹر نے بتایا ہے کہ فلسطینی مجاہدین اور قابضین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ رفح کے مغرب میں پھیل گیا ہے اور گزشتہ رات اس علاقے میں شدید جھڑپوں کا مشاہدہ کیا گيا۔
نیز خبری ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ صیہونی حکومت کےجنگی طیاروں نے خانیونس کے مشرق میں خزاعہ کے علاقے میں متعدد عام شہریوں کو نشانہ بنایا جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق کم سے کم پانـچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا جارہا ہے کہ غزہ میں آج صبح سے اب تک کم سے کم 15 افراد شہید ہوئے ہیں۔
میڈیا کے ذریعے سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 5 دن کے دوران غزہ کے الوسطی علاقے پر صیہونی حکومت کے حملوں کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد شہید ہوئے ہیں۔