ایرنا کے رپورٹر کی رپورٹ کے مطابق آج بدھ کے روز اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML) کے طلباء کا ایک احتجاجی اجتماع منعقد ہوا جس میں طلباء تنظیموں کے عہدیداروں، سیاسی کارکنوں، مختلف شعبہ ھائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین اور غزہ کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔
مظاہرے کے شرکاء نے مغربی ممالک کے طلباء بالخصوص امریکی طلباء کی حمایت میں جاری تحریک سے یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آزادی فلسطینیوں کا جائز حق ہے اور غاصب اسرائیل کی شکست یہ تحریک جاری رہے گا۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج نہ صرف مشرق وسطیٰ میں غزہ کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ مغربی ممالک اور خاص سے طور امریکہ میں طلبہ کی تحریک کا مشاہدہ کیا جارہ ہے۔
انہوں نے غزہ کے دفاع کے لیے عالم اسلام سے مزید موثر اقدامات کا مطالبہ کیا اور مزید کہا کہ رفح میں اسرائیل کی حالیہ جارحیت فلسطینیوں کی نسل کشی پر انسانی حقوق کے دعویداروں اور علاقائی ممالک کے حکمرانوں کی مذموم خاموشی کا نتیجہ ہے۔
اس موقع پر ایک طالب علم نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیل میں بننے والی تمام مصنوعات کا بائیکاٹ کریں گے اور مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
دفاعی علوم کی ایک طالبہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل غاصب حکومت ہے اور قابض حکومت کے خلاف فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت جائز اور قانونی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم غزہ کے لیے امریکی یونیورسٹی کے طلباء کے مظاہروں کی حمایت کرتے ہیں اور ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی کھل کر مدد کرے۔
مظاہرے میں شریک ایک اور طالب علم نے ایرنا کے رپورٹر کو بتایا کہ "میں اور میرے گھر والے مظلوم فلسطینی خاندانوں اور غزہ کے باشندوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اور ہم اسرائیل کے خلاف ان کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ادارے کب تک خاموشی اختیار کرتے رہیں گے؟ کیا اب وقت نہیں آیا کہ انسانی حقوق کی بالادستی کا دعویٰ کرنے والے جاگ جائیں اور عالم اسلام کے حکمران فلسطینیوں کو بچانے کے لیے متحد کیوں نہیں ہوتے؟
پاکستان کی طلبہ تنظیموں کے عہدیداروں نے گزشتہ ہفتے مشترکہ پریس کانفرنس غزہ کے لیے مختلف امریکی یونیورسٹیوں کے طلبہ کے مظاہروں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا۔
آئندہ جمعہ کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں غزہ کی حمایت میں ایک بڑا مظاہرہ کیا جائے گا جس میں طلباء و طالبات، سیاسی رہنما اور سول سوسائٹی کے ارکان سمیت تمام شعبہ ھائے زندگی تعلق رکھنے والے لوگ شریک ہوں گے۔