تہران (ارنا) لبنان کی اسلامی مزاحمت مقبوضہ فلسطین پر اپنے حملوں کا دائرہ دن بہ دن بڑھا رہی ہے اور صیہونی حکومت کا میڈیا بھی انکی مہلک ضربوں کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوگیا ہے۔

النشرہ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی ذرائع ابلاغ نے مقبوضہ سرزمین پر حزب اللہ کے شدید میزائل حملوں سے ہونے والے نقصانات کی خبر دی ہے۔

صہیونی میڈیا معاریو کے مطابق حزب اللہ کے اینٹی آرمر میزائل نے لبنان کی سرحد پر واقع المطہ میں ایک فیکٹری کو نشانہ بنایا اور اسے بھاری نقصان پہنچایا۔

صہیونی میڈیا نے یہ بھی اعتراف کیا ہے حزب اللہ کے حملوں کی وجہ سے اس قصبے میں گیس نیٹ ورک، پانی، بجلی اور بعض شہری آلات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

آج صبح حزب اللہ نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کی حمایت میں صیہونی فوجی اڈے حدب یارین کو 2 برکان میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

لبنان کی حزب اللہ نے گذشتہ چند مہینوں میں غزہ کی پٹی میں صیہونی حکومت کے بھیانک جرائم اور اس علاقے میں بڑی تعداد میں فلسطینیوں کے خون بہانے کے بعد، مقبوضہ علاقوں کے شمال میں صیہونی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جو ان علاقوں میں رہنے والے صہیونیوں کے خوف کا باعث بنا ہے اور اب تک دسیوں ہزار صہیونی خوف سے لبنانی سرحدوں کے قریب بستیوں کو چھوڑ چکے ہیں۔