یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور یمن پر امریکی اور برطانوی جارحیت کے جواب میں ہماری بحریہ نے بحیرہ احمر میں 2 فوجی آپریشن کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی کارروائی میں ہم نے امریکی جہاز "سٹارنیشیا" کو نشانہ بنایا اور دوسری کارروائی میں برطانوی جہاز "مارننگ ٹائیڈ" کو نشانہ بنایا۔
یحییٰ سریع نے اس بات پر زور دیا کہ امریکی اور برطانوی دونوں جہازوں کو مناسب میزائلوں سے ٹھیک اور براہ راست نشانہ بنایا گیا۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمن اور اس کے مجاہد عوام کے جائز دفاع کے تحت ہم بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں امریکی اور برطانوی اہداف کے خلاف مزید فوجی آپریشن کریں گے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ کے محاصرے اور فلسطینی عوام کے خلاف جارحیت کے خاتمے تک ہم بحیرہ احمر کے راستے مقبوضہ علاقوں (اسرائيل) کی بندرگاہوں پر جانے والے بحری جہازوں پر حملے جاری رکھیں گے۔
اس کے علاوہ چند گھنٹے قبل یمن کے "المسیرہ" نیٹ ورک نے صعدہ صوبے پر امریکی اور برطانوی حملے کی اطلاع دی تھی۔
امریکہ اور برطانیہ نے پیر کے روز بھی یمن کے صوبہ الحدیدہ کے علاقے الکثیب پر کئی بار بمباری کی۔
امریکہ اور برطانیہ پچھلے کئی روز سے یمن کے مختلف علاقوں کو تواتر کے ساتھ جارحیت کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
یہ حملے بحیرہ احمر میں اسرائیلی یا اسرائیل جانے والے بحری جہازوں کی رفت آمد پر یمن کی جانب سے عائد پابندی ختم کرانے کی غرض سے کیے جار ہے ہیں۔
یمن کی مسلح افواج نے غزہ کی جنگ بند کرانے کی غرض سے بحیرہ احمر کو اسرائیلی اور اسرائيلی بحیری جہازوں کے لیے بند کردیا ہے جس کی وجہ سے صہیونی حکومت کو شدید اقتصادی دباؤ کا سامنا ہے۔