واشنگٹن (ارنا) امریکی عوام نے بائيڈن انتظامیہ کی جانب سے غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کی حمایت کے خلاف ایک بار پھر احتجاج کیا اور واشنگٹن میں کانگریس کی عمار ت کے اطراف سڑکوں کو بند کر کے فلسطین میں جنگ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔

مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی صبح   ہونے وا لے  ان مظاہرے  میں شریک لوگ ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر صیہونی حکومت کے لیے  امریکی حمایت بند اور غزہ میں فوری جنگ بندی کے مطالبات درج تھے۔

یہ مظاہرہ صبح سویرے کیا گیا تاکہ  کانگریس کی جانب  آنے جانے والی ٹریفک میں زیادہ سے زیادہ خلل پیدا کیا جاسکے۔

واشنگٹن پولیس نے بھی X  پوسٹ   پر اپنے اکاؤنٹ پر مظاہرے کی وجہ سے سڑکوں کو بند کرنے کا اعلان کیا اور لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ متبادل راستے استعمال کریں۔

قابل ذکر ہے کہ  غزہ  میں  گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج  کے وحشیانہ حملوں  میں مزید 118  افراد شہید اور 190 زخمی ہوئے ہیں جس کے بعد غزہ میں 7 اکتوبر   سے اب تک شہداء کی کل تعداد 27 ہزار 19 افراد اور زخمیوں کی تعداد 66 ہزار ایک سو 39 افراد تک پہنچ گئی ہے۔