ارنا کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی اخبار یدیوت آحارنوت نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ "لیو" کمپنی کے سینما کی سکرین پرعبرانی زبان میں دھمکی آمیز پیغامات نمودار ہوئے جو بظاہر ترک ہیکرز کی طرف سے لکھے گئے تھے۔
ان ہیکرز نے اپنے پیغام میں صیہونیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم احمق ہو اور تم سب کے سب دہشت گرد قاتل ہو، تم بزدل ہو، غزہ میں مرنے والے سینکڑوں معصوم بچوں کے ذمہ دار تم ہو۔ جب تک تم نسل کشی ختم نہیں کرتے ہم تم کو سینما گھروں میں بھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ ہم تم سب کو تباہ کر دیں گے، ہم انٹرنیٹ اور بینکنگ تک تمہاری رسائی کو محدود کردیں گے۔
خبر کے مطابق تصاویراور پیغامات کو چند منٹوں میں سکرین سے ہٹا دیا گیا۔ صہیونی فلم کمپنی لیو کے منیجنگ ڈائریکٹر غی شانی نے صہیونی اخبار یدیعوت آحارنوت کو بتایا کہ صیہونی پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
قابض اسرائیلی حکومت کی فوج نے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ کی پٹی کے مکینوں کے خلاف تباہ کن جنگ شروع کر رکھی ہے جس میں اب تک 26 ہزار سے زائد شہید اور 63 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔