اسلام آباد سے ارنا کے رپورٹر کے مطابق اسلام آباد میں عبوری وزير اعظم انوار الحق کاکڑ کی سربراہی میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اس اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق پاکستان نے ایران کے ساتھ مکمل طور پر سفارتی تعلقات بحال کر لیئے ہيں اور جلد ہی ایران و پاکستان کے سفراء ایک دوسرے کے دار الحکومتوں میں بھیج دیئے جائیں گے۔
در ایں اثنا پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرکے بتایا ہےکہ پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فونی گفتگو میں دونوں ملکوں کے سفراء کی واپسی پر اتفاق کیا ہے۔
جلیل عباس جیلانی اور حسین امیر عبد اللہیان نے اس بات پر اتقاق کیا ہے کہ دہشت گردی اور ایک دوسرے کی دیگر تشویشوں کے بارے میں قریبی تعاون میں استحکام پیدا کیا جائے گا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق جلیل عباس جیلانی نے کہا ہےکہ ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کا احترام دو طرفہ تعاون کی بنیاد ہونی چاہیے۔