ارنا کے نامہ نگار کے مطابق، کرمان شہر کے گلزار شہداء قبرستان میں بدھ کے روز دہشت گردی کے واقعے کے شہداء کی یاد میں پاکستان کے دارالحکومت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے پر نصب قومی پرچم سرنگوں کر دیا گیا۔
اسکے علاوہ ایرانی سفارت خانے میں جمعہ سے پیر کے روز تک میموریل آفس بھی کھول دیا جائے گا جہاں سفارت کار، حکام اور عوام کرمان میں دہشت گردی کے اس دلخراش سانحہ پر اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت،متاثرین اور ایرانی عوام کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کے لیے سفارت خانے کا دورہ کریں گے۔
دریں اثناء، پاکستان کے وزیر اطلاعات غلام مرتضیٰ سولنگی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا ااظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا شکار ہونے کے باعث پاکستان اس مشکل وقت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے دکھ اور تکلیف کو سمجھتا ہے۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات نے تاکید کی کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور ہم ایران کی عوام اور حکومت کے شانہ بشانہ کرمان میں اس بزدلانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہیں۔