سماء نیوز ایجنسی سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق، حماس کے فوجی ونگ القسام بریگیڈ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے شہری علاقوں پر حملوں کے جواب میں القسام بریگیڈ نے بن گوریون ائيرپورٹ اور تل ابیب پر بمباری کی۔
صہیونی میڈیا نے یہ اطلاع بھی دی ہے کہ ریشون لیتزیون ہولون اور تل ابیب میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
صیہونی آرمی ریڈیو نے اعلان کیا کہ تل ابیب اور بن گوریون ہوائی اڈے پر مزاحمتی راکٹ حملے کی نئی لہر تل ابیب پر سب سے شدید حملہ ہے۔
ان حملے کے ساتھ ہی فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک کے فوجی ونگ القدس بریگیڈ نے بھی اعلان کیا کہ اس نے کفارعزہ کے علاقے اور فجہ نامی فوجی اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔
القدس بریگیڈ نے صحرائے "النقب" کے شمال مغرب میں واقع فوجی چھاونی ناحل عوز پر مارٹر حملے کا بھی اعلان کیا۔
اقصیٰ طوفان آپریشن کے پہلے دن سے ابتک غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے پر صیہونی فوج کے حملوں کے نتیجے میں 788 فلسطینی ہلاک اور 4100 زخمی ہو چکے ہیں۔
اس آپریشن کے چوتھے دن صہیونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ انکلیو کے علاقے کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
اقصیٰ طوفان آپریشن کا آغاز فلسطینی مزاحمتی قوتوں کی جانب سے صرف 20 منٹ میں صہیونی ٹھکانوں کی جانب 5000 راکٹ داغ کر کیا گیا تھا۔ اسی دوران حماس کے پیرا گلائیڈرز نے مقبوضہ علاقوں پر پروازیں کیں تاکہ قابضین کے لیے آسمان کو مزید غیر محفوظ بنایا جا سکے۔