ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے ملاقات اور گفتگو کی۔
اس ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور اور علاقائی اور بین الاقوامی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے آغاز میں امیر عبداللہیان نے ایران اور امریکہ کے درمیان قیدیوں کے تبادلے میں حالیہ پیشرفت سمیت دو طرفہ امور میں قطری حکومت کے تعمیری کردار کا شکریہ ادا کیا اور اسے سراہا۔
امیر عبداللہیان نے تہران اور دوحہ کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایران کی آمادگی کا اظہار کیا۔
قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے ایران کے اعلی حکام کو امیر قطر کا تہنیتی پیغام پہنچاتے ہوئے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے قطر کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
شیخ محمد بن عبدالرحمن نے دونوں ممالک کے درمیان تعمیری اور مددگار کردار کو جاری رکھنے کے لیے اپنی آمادگی اور معاملات کو آگے بڑھانے کے لیے مثبت علاقائی فضا کو استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے درمیان تہران یا دوحہ میں مذاکرات جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔