بغداد ( ارنا ) عراق کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ فواد حسین نے کہا: ایران کے صدر سے ملاقات میں عراق کی طرف سے دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی معاہدے کی پاسداری پر زور دیا ہے۔

جمعہ کے روز عراق کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں وزیر خارجہ فواد حسین کے حوالے سے کہا گيا ہے کہ انہوں نے بدھ کے روز تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے بھی ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ صدر ایران کے ساتھ ملاقات میں سیکورٹی معاہدے پر مکمل عملدرآمد اور کردستان ریجن میں عراق ایران سرحدوں پر موجود مسلح گروہوں کو غیر مسلح کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گيا۔ 

اس ملاقات میں دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور عراق کے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مفادات کے تحفظ کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ   تعاون مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی۔

اس ملاقات میں خطے کی سیاسی اور سیکورٹی صورتحال، درپیش بحرانوں اور چیلنجوں سے نمٹنے کی غرض سے خطے کے ممالک کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ملاقات میں خطے میں تناؤ اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مربوط کوششوں کی اہمیت اور امن و استحکام کی بحالی سے بات چیت کا راستہ اپنانے کی ضرورت پر زور دیا گيا۔

عراق کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا ہے کہ اس ملاقات میں صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ عراق، ایران کے لیے ایک قابل احترام اور اہم شراکت دار ہے اور تہران مختلف شعبوں میں بغداد کے ساتھ بہترین تعلقات کا خواہاں ہے۔

ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu