اے ایف سی کے اعلان کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے فٹبال فیڈریشن کے درمیان ایک بڑے اہم معاہدے کے پیش نظر جس کی اطلاع ایشیا میں فٹبال کا انتظام سنبھالنے والے ادارے کو دے دی گئي ہے، ان دونوں ملکوں درمیان قومی اور کلب کی سطح کے تمام مقابلے ایک دوسرے کے ملکوں میں منعقد کئے جائيں گے ۔
واضح رہے اس سے قبل ایران اور سعودی عرب کے درمیان تمام قومی اور کلب کے مقابلے کسی تیسرے ملک میں منعقد ہوتے تھے۔
اے ایف سی نے اس تاریخی قدم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنے بیان میں لکھا ہے کہ اس فیصلے سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں ملکوں کے فٹبال فیڈریشن جلد از جلد ایک دوسرے سے فٹبال کے میدان میں قریب ہونے کا عزم رکھتے ہيں اور اس سے دونوں ملکوں کی قومی اور کلب ٹیموں کے لئے یہ ممکن ہوگا کہ وہ اپنے ملک اور اپنے فریق کے ملک میں جاکر کھیلیں جو کھلاڑیوں اور تماشائيوں دونوں کے لئے ایک مختلف تجربہ ہوتا ہے۔
ایران اور سعودی عرب اور پورے ایشیا میں فٹبال کے شائقین اب ایران اور سعودی عرب کی قومی اور کلب ٹیموں کے پر جوش مقابلوں کا انتظار کر رہے ہيں۔
اے ایف سی چیمپیئنس لیگ 2023-2024 کے تحت ایران اور سعودی عرب کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ 19 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے ۔