ہندوستان میں ایران کے سفیر ایرج الہی نے منگل کی شام وزير خارجہ حسین امیر عبد اللہیان سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کی تازہ ترین صورت حال پر ایک رپورٹ پیش کی۔
اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ امیر عبد اللہیان نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مشرق پر توجہ کی پالیسی میں ہندوستان کی اہم پوزيشن کا ذکر کرتے ہوئے، مشترکہ منصوبوں پر عمل در آمد میں تیزی اور ایران و ہندوستان کے درمیان معاشی تعلقات میں فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے ہندوستان کو شمال جنوب کوریڈور کا ایک اہم و سرگرم رکن قرار دیا اور چابہار کے سلسلے میں ایران و ہندوستان کے درمیان مذاکرات میں حالیہ پیش رفت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ چابہار کے سلسلے میں حتمی معاہدے پر جلد ہی دستخط ہو جائيں گے۔
وزیر خارجہ نے اسی طرح برکس میں ایران کی مکمل رکنیت کے لئے ہندوستان کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ برکس کے تناظر میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں پہلے سے زيادہ توسیع ہوگی۔