پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق، بلاول بھٹو زرداری نے مغرب میں اسلاموفوبیا کے پھیلاؤ کے سلسلے میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تبادلہ خیال جاری رکھتے ہوئے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش سے ٹیلی فونی گفتگو کی۔
پاکستان کے وزير خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ اپنی گفتگو پر اظہار اطمینان کیا ہے اور اسلامی مقدسات کی توہین اور یورپی ملکوں میں قرآن مجید کی بے حرمتی جاری رہنے کی مذمت کی۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی طرف سے ایک جامع حکمت عملی تیار کئے جانے کا مطالبہ کرتا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے اسی طرح اس ٹیلی فونی گفتگو میں اناج کی برآمد کو روکے جانے کے سلسلے میں بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ پاکستان اس معاہدے کی بحالی کی حمایت کرتا ہے اور اناج معاہدے کی بحالی کی غرض سے تمام فریقوں کی تشویشوں کو ختم کرنے کے لئے تعمیری تعاون پر زور دیتا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے حالیہ دنوں میں، امریکہ ، یوکرین، روس، ترکیہ کے اپنے ہم منصبوں اور اسی طرح یورپی یونین میں خارجہ پالیسی کے ذمہ دار سے اناج کی برآمد روکے جانے پر بات چیت کی ہے۔