اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج نماز جمعہ کے بعد قرآن مجید کی توہین کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔

تہران- ارنا-  اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام نے آج نماز جمعہ کے بعد ہونے والے ملک گير احتجاج میں حصہ لیا۔ احتجاجی مظاہروں میں شریک  لوگوں نے سوئيڈن میں قرآن کی بے حرمتی اور  اس کے ارتکاب کی اجازت دینے والوں کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔ مظاہرین نے ایران کی وزارت خارجہ سےااپیل کی وہ دیگر ممالک کے ساتھ مل کر سوئیڈن کی حکومت کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات پر نظر ثانی کرے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ سوئیڈن  کی حکومت کی اجازت سے قرآن کریم کی بار بار توہین نے عالم اسلام اور توحیدی مذاہب کے پیروکاروں کے دلوں کو چھلنی کردیا ہے اس لئے عالم اسلام کو اس مذموم اقدام کی بھرپور مذمت کرنی چاہیے۔

مظاہرین کی ایک بڑی تعداد نے تہران میں سوئيڈن کے سفارت خانے کے سامنے علامتی دھرنا دیا  اور قرآن پاک کی توہین کی مذمت میں نعرے لگائے۔  

واضح رہے کہ کل ایران نے ایک بار پھر سوئیڈن کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے قرآن کریم کی بے حرمتی پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔