غزہ – ارنا- تحریک حماس کے ترجمان "حازم قاسم" نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں ایک فلسطینی خاندان کے گھر کو خالی کراکے صیہونیوں کے حوالے کرنا فلسطینی قوم کی نسلی تطہیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام مقبوضہ بیت المقدس کے عرب اور اسلامی تشخص کے خلاف صہیونیوں کی جنگ کا حصہ ہے۔
قاسم نے کہاکہ یہ اقدام ہمارے مقدس مقامات کے خلاف مذہبی جنگ کا تسلسل اور تمام بین الاقوامی اور انسانی قوانین کے منافی ہے۔
حماس کے ترجمان نے بین الاقوامی اداروں اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ غاصب صیہونی حکومت کی طرف سے بیت المقدس میں آباد فلسطینیوں کو بے دخل کیے جانے کے خلاف واضح اور عملی مؤقف اختیار کرے ، صرف میڈیا کے ذریعے مذمتی بیان بازی پر اکتفا نہ کریں۔
رپورٹ کے مطابق منگل کی صبح غاصب صیہونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے ایک قدیم علاقے ضلع عقبہ خالدیہ میں واقع "صب لبن " خاندان کے گھر پر قبضہ کرکے اسے صیہونی آبادکاروں کے حوالے کردیا۔
صہیونیوں نے اس فلسطینی خاندان کو اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور کیا اور ان کے دفاع اور حمایت کے لیے آنے والے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔