اسلام آباد- ارنا – پاکستان نے غزہ کے اسپتالوں پر غاصب اسرائیلی حکومت کے وحشیانہ حملوں اور عام شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے، عالمی برادری سے صیہونیوں کو کنٹرول کرنے اور فلسطینی عوام کی حفاظت کا مطالبہ کیا ہے

   ارنا کے مطابق پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ علاج معالجے کے مراکز پر حملہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان شفقت علی نے کہا ہے کہ عیسائیوں کے ایک مقدس دن، یکشنبہ نخل (Palm Sunday) کے موقع پر ہونے والے یہ حملے مذہبی مقدسات اور غیر فوجیوں کے تئيں صیہونیوں کی بے توجہی کی نشاندہی کرتے ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ پاکستان، عورتوں اور بچوں سمیت، بے گناہ عام شہریوں کے بے رحمانہ قتل عام اور غیر فوجی تنصیبات کو منظم طور پر منہدم کرنے پر مبنی صیہونی حکومت کے جرائم کا سلسلہ فوری طور پر روکے جانے کا مطالبہ کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسرائيلی حکومت کے حملوں کے تسلسل نے غزہ میں اسپتالوں اور علاج اور معالجے کے سسٹم کو مفلوج کردیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ اقدامات اور انسان دوستانہ امداد نہ پہنچنے دینے سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ  غاصب صیہونی حکومت غزہ کے عوام کے رنج والم کو طول دینے کی پالیسی پر عمل کررہی ہے۔  

 پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ  ہم غاصب اسرائیلی فوج کے حملے فوری طور پر بند کئے جانے کا مطالبہ اورجون 1967 سے پہلے کی سرحدی حدود میں، ایک آزاد اور پائیدار فلسطینی مملکت کے قیام کی حمایت کا ایک بار پھر اعلان کرتے ہیں جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہونا چاہئے۔