تہران/ ارنا- وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے عمان میں امریکی صدر کے خصوصی ایلچی کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کی کچھ تفصیلات پیش کیں۔

انہوں نے بتایا کہ مذاکرات تقریبا ڈھائی گھنٹے تک جاری رہے اور اس دوران عمان کے وزیر خارجہ البوسعیدی نے 4 بار دونوں وفود کے ہالز کے بیچ پیغامات کا تبادلہ کیا۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ مذاکرات انتہائی احترام کے ساتھ انجام پائے اور کسی غیرمناسب لہجے یا نازیبا الفاظ کا استعمال نہیں ہوا۔

سید عباس عراقچی نے بتایا کہ فریق مقابل نے مذاکرات کو مزید آگے بڑھانے اور دونوں فریقوں کے مدنظر معاہدے کے حصول پر اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے سنیچر کے روز مذاکرات کا دوسرا دور منعقد ہوگا جس میں ممکنہ طور پر معاہدے کے اصولوں پر غور کیا جاسکتا ہے۔

وزیر خارجہ عراقچی نے کہا کہ یہ سلسلہ کہاں تک آگے بڑھ سکتا ہے، دیکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بے حاصل مذاکرات اور گفتگو اور وقت ضایع کرنے والی بات چیت کے خواہاں نہیں ہیں اور بظاہر امریکی فریق کو بھی اس میں کوئی دلچسپی نہیں۔

وزیر خارجہ نے مذاکرات کے اختتام کے بعد ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی نمائندہ کو بتایا کہ دونوں فریق اس بات پر متفق ہیں کہ مذاکرات کا نتیجہ کم ترین مدت میں حاصل ہونا چاہیے۔

سید عباس عراقچی نے زور دیکر کہا کہ مذاکرات کے رواں دور کا جائزہ لیا جائے گا اور باریک بینی کے ساتھ اس پر غور و خوض کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا اگلا دور عمان میں لیکن ممکنہ طور پر کسی اور مقام پر منعقد ہوگا۔