اسلام آباد (ارنا) مولٰائے متقیان (ع) کی ایام شہادت کےموقع پر پاکستان میں مجالس کا سلسلہ جاری ہے اور اہلبیت رسول (ع) کے چاہنے والے عزاداری میں مصروف ہیں۔

 ارنا کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، جمعہ کے روز اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، کوئٹہ اور پاکستان کے کئی دیگر شہروں میں روزہ داروں نے گزشتہ رات اور آج  ماتمی جلوسوں میں شرکت کرکے امام علی (ع) کی مظلومانہ شہادت پراشک غم بہائے۔

اس موقع پر دارالحکومت اسلام آباد اور دیگر شہروں میں جلوس علم اور شبیہ تابوت امام علی السلام برآمد ہوئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار شریک ہوئے۔

بہت سے پاکستانی ٹیلی ویژن چینلز نے بھی اس دن پر خصوصی پروگرام نشر کیے، جبکہ مولا علی (ع) کی شہادت پر سوگ کی رپورٹیں نشر کیں، اور ماتمی جلوسوں کی براہ راست کوریج کی۔

ٹاک شوز میں شریک شیعہ اور سنی علمائے کرام نے حضرت علی علیہ السلام کے فضائل و مناقب بیان کیے اور ملک بھر میں کانفرنسوں اور سیمیناروں کا بھی انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر عزاداروں اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کراچی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

ماہ محرم اور یوم شہادت علی علیہ السلام  کے موقع پر پاکستان کے تمام ٹی وی چینلز تفریحی اور میوزیکل پروگرام بند کرکے مذہبی پروگرام نشر کرتے ہیں جو خاندان اہلبیت کے ساتھ پاکستانیوں کی دلی عقیدت و محبت کو ظاہر کرتا ہے۔

24 کروڑ کی آبادی والے ملک پاکستان کے شیعہ اور سنی عوام عشرہ محرم  اور ایام شہادت علی علیہ السلام کے موقع پر ملک بھر مجالس عزا اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کرکے اہلبیت کرام سے اپنی عقیدت و محبت کا کھل کر اظہار کرتے ہیں۔