تہران – ارنا – حماس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے شمالی غزہ میں صحافیوں اور امدادی کارکنوں پر حملہ کرکے وحشیانہ جرم کا ارتکاب کیا ہے

 ارنا نے سنیچر کو فلسطینی خبررساں ایجنسی سما کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے، نامہ نگاروں اور امدادی کارکنوں پر حملہ کرکے وحشیانہ جرم کا ارتکاب کیا ہے

 انھوں نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت سرحدی گزرگاہیں بند کرکے اور بنیادی ضرورت کی امداد غزہ میں پہنچنے کی روکت تھام کے بعد بھوک مری پھیلانے اور انسانی بحران کی شدت بڑھانے کی غرض سے،  امدادی کارکنوں پر حملہ کررہی ہے۔

  حماس کے ترجمان نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت ملت فلسطین کے خلاف اپنے وحشیانہ جرائم بے نقاب ہونے اور انسانی اصول وضوابط اور قوانین کی ہولناک ترین خلاف ورزیوں کی خبر دنیا والوں تک پہنچنے کی روک تھام کی غرض سے نامہ نگاروں پر حملہ کررہی ہے۔  

 یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے آج سنیچر کو شمالی غزہ کے  شہر بیت لاہیا پر ڈرون حملہ کیا ہے جس میں نو فلسطینی شہید ہوگئے جن میں دو نامہ ںگار اور چند کیمرا مین نیز امدادی کارکن  بھی شامل تھے۔