تہران/ ارنا- ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے برطانیہ کے عہدے داروں کے ان دعووں کو بے بنیاد قرار دیا جس میں ایران پر لندن کی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

اسماعیل بقائی نے مذکورہ دعووں کو بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی قرار دیا اور کہا کہ یہ دعوے جان بوجھ کر ایسے فریق کی جانب سے کیے جا رہے ہیں جس کی دوسرے ممالک من جملہ ایران میں تباہ کن مداخلت کی طویل تاریخ ہے اور آج بھی دہشت گرد گروہوں کی میزبانی کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔

انہوں نے برطانوی حکام کو مخاطب کرکے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف الزام تراشی اور دشمنی پر مبنی پالیسی سے باز رہیں اور دہشت گردوں کی حمایت کو چھوڑ دیں۔