تہران (ارنا) فلسطین کی مزاحمتی کمیٹیوں نے صیہونی حکومت کی جانب سے مسجد ابراہیمی کا اختیار صیہونی ادارے کو منتقل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلمانوں سے ان اقدامات کا مقابلہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

فلسطینی مزاحمتی کمیٹیوں نے ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ ہم مسجد ابراہیمی میں اوقافی اتھارٹی کو صہیونی ادارے کو منتقل کرنے کے صہیونی جرم کی مذمت کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دشمن کو مسجد ابراہیمی کی ماہیت کو تبدیل کرنے یا اسے یہودی عبادت گاہ میں تبدیل کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، یہ جگہ صرف مسلمانوں کے لیے ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مسجد ابراہیمی کو صیہونیوں کے ہاتھوں بے حرمتی اور توڑ پھوڑ سے بچانے کے لیے فوری اقدام کریں۔

یہ بیان صیہونی حکام کی جانب سے الخلیل میں واقع مسجد ابراہیمی کی انتظامیہ کو اس بات کی اطلاع کے بعد جاری کیا گیا کہ مسجد کا انتظام فلسطینی وزارت اوقاف سے نام نہاد اسرائیلی سول پلاننگ آرگنائزیشن کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسلامی جہاد اور حماس نے اپنے بیانات میں صیہونی حکومت کی طرف سے مسجد ابراہیمی سے متعلق اختیار صہیونی ادارے کو منتقل کرنے کے اقدام پر تنقید کی اور اسے یہودی بنانے کی کوشش کی شدید مذمت کی۔