تہران – ارنا – صیہونی حکومت اور استقامتی فلسطینی محاذ کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے چوتھے مرحلے کے بعد آزادی سے قبل ایذا رسانی کے نتیجے میں بعض فلسطینی قیدیوں کے جسم پر زخموں  کی موجودگی کی خبر دی ہے

ارنا نے المیادین کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ آج آزاد ہونے والے بعض فلسطینی قیدیوں کو رہائی سے قبل جیل کے محافظین نے ایذائيں پہنچائی ہیں۔

 اس سلسلے میں فلسطینی قیدیوں کی تنظیم نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت آزاد کئے جانے والے قیدیوں کے ساتھ منظم دہشت گردی سے پیش آتی ہے اور ان کے لواحقین کو ان کی کسی بھی طرح کی خاطر مدارات کرنے سے روک دیتی ہے۔

 اس سلسلے میں البیرہ اور رام اللہ کے گورنر نے بتایا ہے کہ آزاد ہونے والے دس قیدیوں کو جسمانی حالت خراب ہونے کی وجہ سے اسپتالوں میں منتقل کرنا پڑا ہے۔

 آزادی سے قبل فلسطینی قیدیوں کو ایذائيں دیئے جانے کے تعلق سے حماس نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ آج فاشسٹ غاصبوں کی جیل سے آزاد ہونے والے کچھ فلسطینی قیدیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تاکہ آزادی سے قبل انہیں جو ایذائيں دی گئی ہيں ان کا علاج کیا جاسکے۔

 حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جیلوں میں ہمارے شجاع قیدیوں کے ساتھ وحشیانہ طرز عمل جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

 حماس نے کہا ہے کہ قیدیوں کے ساتھ زیادتی ان جرائم کو روکنے اور ان کے مرتکبین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی فوری مداخلت کی متقاضی ہے۔