تہران/ ارنا- جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کے مسئلے پر لبنان نے صیہونی حکومت کے خلاف سلامتی کونسل میں شکایت درج کردی ہے۔

النشرہ نیوز ویب سائٹ کے مطابق، لبنان کی حکومت نے اقوام متحدہ میں اپنے نمائندہ دفتر کے ذریعے سلامتی کونسل میں ایک شکایت درج کی ہے جس میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں قرارداد 1701 اور جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کے مسئلے کو اٹھایا گیا ہے۔

لبنان کے شکایت نامے میں درج ہے کہ صیہونیوں نے 27 نومبر سے لیکر 22 دسمبر 2024 تک 816 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

لبنان کے شکایت نامے میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران صیہونی حکومت نے لبنان کے سرحدی قصبوں پر بمباری کی ہے، رہائشی عمارتوں میں بارودی سرنگ بچھائی ہے، رہائشی علاقوں کو تباہ کیا ہے اور شاہراہوں کو بند کرکے، حالات کو سنبھالنے اور معمول پر لانے کی کوششوں کو متاثر کیا ہے اور علاقے میں امن و استحکام لانے کی بین الاقوامی کوششوں کو ناکام بنانے کی ہر ممکنہ کوشش کی ہے۔

اس شکایت نامے میں آیا ہے کہ لبنان کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کی مکمل پابندی کے باوجود صیہونیوں کی جارحیت بند نہیں ہو رہی ہے۔

لبنان کی وزارت خارجہ نے لبنان کے اقتدار اعلی کے تحفظ کے لیے یونیفل اور لبنان کی فوج کی تقویت کی اپیل بھی کی ہے۔

یاد رہے کہ صیہونی حکومت اور لبنان کے مابین جنگ بندی 27 نومبر کی صبح سے نافذ ہوئی تھی تاہم صیہونی حکومت جنگ بندی کی خلاف ورزی کرکے لبنان کے جنوبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کی وطن واپسی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔