تہران – ارنا – ایران کے ترجمان وزارت خارجہ نے دمشق کے رہائشی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی جس میں دسیوں شامی اور فلسطینی شہری شہید اور زخمی ہوگئے سخت مذمت کی ہے

 ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے دمشق پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے اور زخمیوں کی جلد سے جلد شفا کی دعا کی ہے۔

 انھوں نے کہا ہے کہ وہ غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں جن میں شام اور فلسطین کے  درجنوں عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے، اور بنیادی ڈھانچے منجملہ، سڑکیں، پل، اور شام اور لبنان کو ملانے والی شاہراہیں تباہ ہوگئيں۔    

ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے جرائم اور جارحیتوں کا دائرہ پڑوسی ملکوں تک پھیل جانا اور شام کی ارضی سالمیت نیز قومی اقتدار اعلی کی مسلسل خلاف ورزیاں، اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق کھلی جارحیت شمار ہوتی ہیں ۔

 انھوں نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی ان وحشیانہ جارحیتوں کو روکنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو  فوری طور پر بلا تاخیر ضروری اقدام کرنا چاہئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غیر فوجی بنیادی ڈھانچوں پر غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ حملے جاری رہنے  اور بے گناہ عوام عورتوں اور بچوں کے اجتماعی قتل عام کا سلسلہ جاری رہنے کے نتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔

  انھوں نے صیہونی حکومت کے ان وحشیانہ جرائم کو بین الاقوامی انسان دوستانہ قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور جنگی جرائم  کا مصداق قرار دیا اور کہا ہے کہ 1949 کے جنیوا کنوینشن کے مطابق سبھی حکومتوں کا فریضہ ہے کہ ان جرائم کا ارتکاب کرنے والوں اور ان کے احکامات دینے والوں کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کریں اور ان کے جرائم کا سلسلہ روکیں۔  

اسماعیل بقائی نے غاصب اسرائیلی حکومت کے اسلحہ دینے والوں کو اس کے جرائم میں شریک قرار دیا اور کہا ہے کہ اس خطے کے عوام اور امت اسلامیہ امریکا کو غاصب صیہونی حکومت کا سب سے بڑا سیاسی اور اسلحہ جاتی حامی اور اس کے جرائم میں برابر کا شریک سمجھتی ہے۔