تہران – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر قالیباف نے کہا ہے کہ مومن اور مجاہد نصراللہ کی شہادت ان کی اور استقامتی محاذ کی شکست نہیں ہے

 ارنا کے مطابق اسپیکر پارلیمان ڈاکٹر محمد باقرقالیباف نے آج سینچر کو شہید سید حسن نصراللہ کے چالیسویں کی مناسبت سے " مکتب نصراللہ" کے زیرعنوان منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب میں کہا کہ اس شہادت نے ثابت کردیا کہ جرائم پیشہ صیہونیوں سے سازباز بے فائدہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہونا چاہئے کہ اس شہادت سے ہم کیسے گوہر نایاب سے محروم ہوگئے ہيں۔  

ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے  کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ کی شہادت نے ان کے جہنمی قاتلوں کو پہلے سے زیادہ بے نقاب کردیا اور اسی کے ساتھ یہ بھی ثابت کردیا کہ صیہونیوں کے دہشت گرد شیطانی گروہ سے سازباز کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔   

انھوں نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ  آپریشن طوفان الاقصی کے آغاز سے ہی حماس کے مجاہدین کے ساتھ تھے اور ان کا ماننا تھا کہ صیہونیوں کے خلاف مجاہدت جتنی قانونی ہے، اتنی قانونی کوئی بھی جنگ نہيں ہے۔

ایران کے اسپیکر نے کہا کہ حزب اللہ  کے شہید سربراہ سید حسن نصراللہ نے کبھی نہیں کہا کہ طوفان الاقصی صرف فلسطینیوں یا سنیوں کا مسئلہ ہے،بلکہ انھوں نے اس کو استقامتی محاذ، اسلام اور انسانیت  کا مسئلہ قرار دیا اور پوری قوت کے ساتھ حزب اللہ کو میدان میں اتارا اور خود کو  بھی استقامتی اقدار پر قربان کردیا۔

ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ سید حسن نصراللہ اور ان کے ساتھی نہ  صرف مغربی ایشیا بلکہ پوری دنیا میں امن و ثبات کے عامل تھے۔