المسیرہ چینل کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق، بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے پیر کی رات بتایا ہے کہ یمنی مسلح افواج نے پہلی کارروائی میں جنوبی بحیرہ عرب میں دو ڈرونز کے ذریعے ایس سی مونٹریال نامی جہاز کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے مزید کہاکہ دوسری کارروائی میں "MaERSK KOWLOON" نامی جہاز کو بحیرہ عرب میں کروز میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
یحیی سریع نے مزید کہا کہ یمن کی مسلح افواج نے بحیرہ احمر اور باب المندب میں موتارو نامی بحری جہاز کو بھی کئی بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے ان تینوں کارروائیوں کو کامیاب قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان بحری جہازوں پر حملہ ان کی ملکیتی کمپنیوں کی طرف سے مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کی وجہ سے کیا گیا۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے غزہ پٹی اور لبنان میں جاری مزاحمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب تک غزہ اور لبنان کے خلاف جارحیت مکمل طور پر بند نہیں ہوجاتی صیہونی حکومت کی بحری ناکہ بندی اور حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔