تہران/ ارنا- یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگيڈیئر جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ "فلسطین 2" سوپر سانک بیلسٹک میزائل سے تل ابیب کے مشرقی علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یہ حملہ مکمل طور پر کامیاب رہا۔

المسیرہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، یحیی سریع نے بتایا کہ یمن کی مسلح افواج نے اس فوجی کارروائی کے تحت یافا مقبوضہ علاقے (تل ابیب) کے مشرق میں واقع صیہونیوں کے ایک اہم فوجی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سوپر سانک میزائل امریکی اور اسرائیلی فضائی دفاعی سسٹموں کو ناکام بناتے ہوئے اپنے ٹارگیٹ سے ٹکرا گیا۔

یحیی سریع نے مزید کہا کہ یہ کارروائی، صیہونیوں کے خلاف جنگ میں شدت لانے کے پانچویں مرحلے کے تحت انجام دی گئی جس کا مقصد طوفان الاقصی کارروائی اور فلسطینی اور لبنانی عوام اور ان کے استقامت کی حمایت ہے۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ غزہ کے محاصرے اور لبنان پر جارحیت کے خاتمے تک صیہونی دشمن پر حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ یمن نے مقبوضہ سرزمینوں میں واقع بندرگاہوں سے بحری تجارت پر پابندی عائد کردی ہے اور ہر اس جہاز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو بحیرہ احمر کے راستے اس پابندی کی خلاف ورزی میں ملوث ہے۔