ارنا کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے یحیی سنوار کی شہادت پر ایک پیغام جاری کرکے کہا ہے کہ باطل کے خلاف حق کی جنگ کے میدان میں ایک اور روح سربلندی کے ساتھ اپنے پروردگارکی طرف پلٹ گئی ۔
انھوں نے کہا ہے کہ شہید احمد یاسین اور شہید اسماعیل ہنیہ کے بعد حماس کے ایک اور رہنما یحیی سنوار صیہونی حکومت کے ہاتھوں ایسی حالت میں شہید ہوئے ہیں کہ آخری سانس تک شجاعت کے ساتھ غاصبوں کے خلاف جنگ کرتے رہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت اور اس کے حامی جان لیں کہ سنوار کی شہادت اور مجاہدین بیت المقدس کی جانفشانیاں غزہ کے عوام کو کامیابی سے نزدیک تر کررہی ہیں۔
لاہور کے جامعۃ العروۃ الوثقی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے یحیی سنوارکی شہادت پر پیغام تعزیت میں کہا ہے کہ ان عزیز ہستیوں کی فداکاری اسرائیل اور اس کے حامیوں کی حتمی شکست رقم کرے گی۔
پاکستان کی مجلس علمائے مکتب اہل بیت نے بھی ایک بیان جاری کرکے یحیی سنوار کو شہید کرنے کے غاصب صیہونی حکومت کے اقدام کی مذمت کی ہے اور فلسطینی عوام نیز استقامتی محاذ اوراس کے حامیوں کے ساتھ یک جہتی کا اعلان کیا ہے ۔
مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام اور فلسطینیوں کے حقوق کے دفاع میں مصروف استقامتی محاذ کے حامی، غاصب صیہونی حکومت کے جرائم سے پردہ ہٹانے کی اپنی مہم جاری رکھیں گے۔
پاکستان کے ممتاز سیاستداں اور سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کے سابق چیئر مین مشاہد حسین سید نے بھی یحیی سنوار کی شہادت پر ایک پیغام جاری کرکے کہا ہے کہ سنوار ایک عظیم اور شجاع مجاہد تھے جنہوں نے صیہونیوں کے قبضے سے اپنے وطن کی آزادی کے لئے 23 برس جیل میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور اس راہ میں شہید ہوگئے ۔
مشاہد حسین سید نے کہا کہ شہید سنوار کا خون اور فداکاری رائیگاں ہرگز نہیں ہوگی۔
ارنا کے مطابق حماس کے سیاسی بیورو کے نائب سربراہ نے آج جمعے کی شام اعلان کیا ہے کہ یحیی سنوار گزشتہ روز صیہونی حکومت کے ایک دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوگئے۔