تہران/ ارنا- وزیر خارجہ ڈاکٹر سید عباس عراقچی اب سے کچھ دیر قبل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔

وزیر خارجہ اپنے اس دورے میں سعودی اعلی حکام سے ملاقات اور گفتگو کریں گے۔ بدھ سے شروع ہونے والے اس سفر میں غزہ پر صیہونیوں کے وحشیانہ حملوں کے خاتمے کے لئے ضروری اقدامات پر گفتگو کی جائے گی۔

اس سے قبل وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی ہامانہ نے اپنے سوشل میڈیا پیج سے لکھا تھا کہ وزیر خارجہ عراقچی، اسلامی جمہوریہ ایران اور علاقے کے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کے پیش نظر، غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے لئے سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ نسل کشی اور جارحیت کو فوری طور پر روکنا ہوگا۔

ترجمان وزارت خارجہ نے مزید لکھا تھا کہ علاقے کی فلاح اور خوشحالی، قیام امن، سلامتی اور معاشی ترقی کے لئے ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔