پاسداران انقلاب اسلامی کی سپاہ قدس کے شعبہ رابطہ عامہ کے نائب سربراہ نے بدھ کو ارنا کے نامہ نگار کے ساتھ اپنے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ شام میں سپاہ کے سبھی مشیر پوری طرح محفوظ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کی فوجی اور سیکورٹی کی اسٹریٹیجی ، ٹارگیٹیڈ دہشت گردی، استقامتی محاذ کے مراکز اور دفاتر پر فضائی بمباری اور نفسیاتی کارروائیوں کے ذریعے خوف و وحشت پھیلانے پر استوار ہے۔
انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت استقامتی تحریک اور اس کے حامیوں کو نشانہ بنارہی ہے تاکہ یہ محاذ کمزور ہوجائے۔
پاسداران انقلاب اسلامی کی سپاہ قدس کے شعبہ رابطہ عامہ کے نائب سربراہ نے کہا کہ گزشتہ رات غاصب صیہونی حکومت نے شام میں جس عمارت پر بمباری کی، اس میں ہمارا کوئی بھی کمانڈر موجود نہیں تھا بنابریں اس حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں بالکل بے بنیاد ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے آپریشن وعدہ صادق 2 کے بعد غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہیں تین گنا بڑھ گئی ہیں۔
انھوں نے ذرائع ابلاغ عامہ کو نصیحت کی کہ اسلامی دنیا اور علاقے کی سماجی فضا اور دانشوروں کے اندازوں کو تبدیل کرنے کی غرض سے عبرانی اور مغربی پروپیگنڈہ اداروں کی کوششوں کی جانب سے ہوشیار رہیں اور جھوٹی خبریں اور افواہیں پھیلانے کے تعلق سے ان کے پزل کی تکمیل نہ کریں۔
سپاہ قدس کے شعبہ تعلقات عامہ کے نائب سربراہ نے کہا کہ استقامتی محاذ فضائی اورسمندری جنگ کی سطح اور صورتحال تبدیل کرنے پر قادر ہے اور ہرقسم کی جارحیت نیز دہشت گردی اور تخریبی کارروائیاں جاری رہنے کی صورت میں تجارتی راہداریوں اور اشیا نیز توانائی کی ٹرانٹ سخت خطرے سے دوچار ہوجائے گی۔
انھوں نے صیہونی حکومت کی حمایت میں امریکا کے کردار کے بارے میں کہا کہ امریکا اس جنگ میں غاصب صیہونی حکومت کی بھرپوری انٹیلیجنس، لاجسٹک اور مالی پشت پناہی کررہا ہے بنابریں اس حکومت کی جنگ اور جارحیت میں ہر قسم کی شدت کے لئے وہ براہ راست جواب دہ ہے۔
پاسداران انقلاب اسلامی کی سپاہ قدس کے شعبہ رابطہ عامہ کے نائب سربراہ نے کہا کہ آپریش وعدہ صادق 2 کے بعد استقامتی محاذ بالخصوص فلسطین اور لبنان کے مجاہدین کا حوصلہ اور جوش وجذبہ کئی گنا بڑھ گیا ہے چنانچہ حال حاضر میں حزب اللہ کے حملوں کا اوسط 150 حملے یومیہ تک پہنچ گیا ہے اور حملوں کی رینج بھی سو کلومیٹر سے دوسو کلومیٹرتک پہنچ گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ سبھی استقامتی محاذوں پر یہی پوزیشن ہے اور آپریشن وعدہ صادق 2 کے بعد سبھی استقامتی گروہوں کی کارروائیاں دوگنی ہوگئی ہیں۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے شام کے دارالحکومت دمشق کے محلہ شیخ سعد کی ایک رہائشی عمارت پر منگل کی رات آٹھ بجکر پندرہ منٹ پر حملہ کیا تھا جس میں چند بچوں اور خواتین سمیت سات افراد شہید اور 11 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔