ارنا کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کے دہشت گردانہ حملے سات اکتوبر 2023 کو نہیں شروع ہوئے تھے بلکہ اس کے دہشت گردانہ اقدامات سات عشروں سے جاری ہیں۔
انھوں نے کہا کہ البتہ سات اکتوبر2023 سے غزہ پر جاری اس کے حملوں میں اکتالیس ہزار عام شہری، عورت ، مرد اور بچے شہید ہوگئے ۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہم اسرائیلی دہشت گردی کے ساتھ ہی عالمی طاقتوں کی خاموشی کی بھی مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطینیوں اور خطے کے خلاف اسرائیلی جارحیتیں بند کروائے۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پاکستان میں بانی پاکستان محمد علی جناح کے افکار کی پیروی کرتے ہوئے، کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے اپنے مطالبے پر زور دیتا ہے اور آخری سانس تک فلسطینی قوم کی حمایت جاری رکھے گا۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کل پیر کو غزہ کے عوام کے ساتھ یک جہتی کا دن منائيں گے۔