تہران – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے لبنان کے وزیر اعظم سے ملاقات میں جارح صیہونی حکومت کی جنگ افروزی اور جارحیت کے مقابلے میں لبنان کی استقامت، حکومت اور ملت کی حمایت پر زور دیا ہے۔

ارنا کے مطابق وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جو ایک وفد لے کر لبنان کے سرکاری دورے پر گئۓ ہیں، بیروت پہنچنے کے تھوڑی ہی دیر بعد، لبنان کے وزیر  اعظم نجیب میقاتی سے ملاقات اور گفتگو کی۔

   انھوں نے اس ملاقات میں صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ اور جارحانہ حملوں میں  حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ اور بے گناہ لبنانی عوام کی شہادت پر تعزیت پیش کی اور صیہونی حکومت کی جارحیت اور جنگ افروزی کے مقابلے میں  لبنان کی حکومت، استقامت اور عوام کی حمایت کے اسلامی جمہوریہ ایران کے عزم پر زور دیا۔  

سید عباس عراقچی نے صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کو آشکار بین الاقوامی جرائم قرار دیا  اور اسرائیل کے مجرمانہ اور غیر قانونی اقدامات کو بیان کرنے نیز اسرائیلی جارحیت روکنے کے لئے بین الاقوامی اداروں  اور تنظیموں کو تیار کرنے کے لئے سبھی عرب اور غیر عرب اسلامی ملکوں کی ہمہ گیر کوششووں کی ضرورت پر زور دیا

اس ملاقات میں لبنان کے وزیر ا‏عظم نے اپنے ملک کی تازہ ترین صورتحال بیان کی اور اسرائيلی جارحیتوں کو جنگی جرائم کا مصداق قرار دیتے  ہوئے، صیہونی دشمن کی مہم پسندی کے تعلق سے  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بے عملی پر افسوس ظاہر کیا اور ان دشوار حالات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے  لبنان کے عوام اور حکومت کی حمایت کی قدردانی کی ۔