ارنا نے اتوار کو فلسطینی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ تحریک حماس نے ایک بیان میں صیہونی حکومت کی جنگی جنوں کے مقابلے میں لبنان کی اسلامی مزاحمت کے جوانوں کی استقامت اور شجاعت کی قدردانی کی ہے ۔
حماس نے کہا ہے کہ ہم فلسطینی قوم، غزہ پٹی اور مغربی کنارے میں ان کی مزاحمت کی حمایت میں حملے جاری رکھنے پر حزب کے جوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک نے کہا کہ قابض دشمن کے جرائم پر حزب اللہ کا بے مثال ردعمل غزہ پٹی پر قبضے کے اسرائیلی منصوبوں کی ناکامی کا ثبوت ہے۔
حماس کے جاری کردہ بیان میں آيا ہے کہ لبنان، عراق اور یمن کی مزاحمتی تحریکوں کی جانب سے سامنے آنے والے ردعمل سے فلسطینی قوم کی مزاحمت کو تقویت ملے گی اور دشمن الجھ کر رہ جائے گا۔
واضح رہے کہ حزب اللہ نے اتوار کی صبح بیان جاری کرکے کہا ہے اس نے فادی 1 اور فادی 2 میزائلوں سے اسرائيلی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
حزب اللہ نے مزید کہا کہ یہ آپریشن غزہ کی حمایت اور لبنان کے مختلف علاقوں میں منگل اور بدھ کو کیے جانے والے پیجر دھماکوں پر ہمارا ابتدائي ردعمل ہے۔
اس حوالے سے صہیونی میڈیا نے بھی خبر دی ہے کہ حزب اللہ نے ہفتے کی رات مقبوضہ فلسطین پر راکٹ حملے کیے ہیں۔
ادھر صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے اتوار کی صبح خبر دی ہے کہ لبنان سے تقریباً 120 راکٹ فائر کیے گئے ہیں اور فائر فائٹنگ ٹیمیں شمالی مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
ارنا کے مطابق صیہونی حکومت نے گزشتہ منگل اور بدھ کو لبنان میں دہشت گردانہ کارروائی کے دوران ہزاروں پیجرز، وائرلیس اور مواصلاتی آلات کو دھماکے سے اڑا دیا تھا جس میں کم از کم 37 لبنانی شہری شہید اور 4000 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
دنیا کے کئی ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں نے لبنان میں حالیہ دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔